بڈاپسٹ(این این آئی)یورپی ملک ہنگری میں پاکستانی سفیر محمد اعجاز نے کہا ہے کہ ہنگری کے وزیراعظم ویکٹر اوربن آئندہ مہینے پاکستان کا دورہ کریں گے،وزیر اعظم عمران خان نے ہنگری کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی،ہنگری کے وزیراعظم کا دورہ 15 سال میں کسی یورپی ملک کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔پاکستانی سفیر کے مطابق مذاکرات میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کا فروغ بنیادی اور اہم موضوع ہوگا ، ہر شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی ہنگری کے موجودہ وزیراعظم یورپ میں جرمنی کے چانسلر انگیلا مرکل کے جانے کے بعد اقتدار میں زیادہ مدت تک رہنے والا رہنما ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں پاکستان اور ہنگری کے درمیان روابط میں تیزی آئی ہے،دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ دورے کرچکے ہیں۔ گزشتہ سال اپریل میں ہنگری کے وزیرخارجہ کے ساتھ دورے میں تاجروں کا وفد بھی پاکستان آیا تھا۔ مارچ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سفارتکاری مہم کے تحت ہنگری پاکستان ٹریڈ اور اکنامک ونڈو کا افتتاح کیا تھا۔ پاکستانی پارلیمانی وفد نے بھی گزشتہ سال ہنگری کا دورہ کیا تھا۔دونوں ملکوں کے سفارتخانوں کا کردار بھی اہم ہے۔
٭٭٭٭٭