شا ہ محمود قریشی کی زیر صدارت انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، مختلف امورپر غور

0
240

اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے وزارتِ خارجہ اور ہمارے تھنک ٹینکس کے درمیان قریبی ربط ناگزیر ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس بورڈ کے چیئرمین وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی ، ایڈیشنل سکریٹری پبلک پالیسی، ڈاکٹر اسرار حسین، ماہرین بین الاقوامی امور، ڈاکٹر رفعت حسین اور ڈاکٹر صائمہ ملک سمیت دیگر بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے صدر ایمبیسڈر ندیم ریاض نے انسٹیٹیوٹ کے تاریخی پس منظر اور کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر خارجہ نے بورڈ میں شامل ہونے والے نئے ممبران کو مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی منظر نامے میں تھنک ٹینکس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے وزارتِ خارجہ اور ہمارے تھنک ٹینکس کے درمیان قریبی ربط ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے پاس بین الاقوامی تعلقات اور علاقائی امور کے حوالے سے، بہترین سکالرز اور محققین موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تحقیق کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور وڑن کی روشنی میں، اقتصادی سفارت کاری ،علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن جیسی اہم ترجیحات پر عمل پیرا ہے۔وزیر خارجہ نے بورڈ ممبران کی جانب سے سامنے آنے والی تجاویز کو سراہتے ہوئے، معزز ممبران بورڈ کا شکریہ ادا کیا