بلبل ہند’ لتا منگیشکر کو پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کا خراج تحسین پیش

0
330

ممبئی (این این آئی)سروں کی ملکہ، آواز کی کوئل اور بلبل ہند’ سمیت کئی ناموں سے پکاری جانے والی بھارت کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی موت کے بعد پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان سمیت دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے حکمرانوں اور اہم سیاستدانوں سمیت عوام نے بھی خراج تحسین پیش کیا۔لتا منگیشکر 6 فروری کی صبح 92 برس کی عمر میں مداحوں سے بچھڑیں اور اسی روز شام کو سرکاری سطح پر ان کی آخری رسومات ادا کرکے ان کا ‘انت یشٹی یا انتم سنسکار’ کردیا گیا۔’بلبل ہند’ کی آخری رسومات ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے شیوا جی پارک میں ادا کی گئیں اور ان کے بھائی نے انہیں مکھ اگنی دی، اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں گلوکارہ کے اعزاز میں سلامی پیش کی گئی۔لتا منگیشکر کو اگرچہ بھارت کی آواز کے طور پر پہچانا جاتا تھا مگر ان کی آواز کے دیوانے پورے بر صغیر اور جنوبی ایشیائی میں پائے جاتے تھے اور وہ خطے میں یکساں مقبولیت رکھتی تھیں۔لتا منگیشکر کی وفات کے بعد جہاں پاکستانی شوبز و میوزک سے وابستہ شخصیات نے انہیں خراج تحسین پیش کیا، وہیں عام عوام اور سیاستدانوں سمیت شوبز اور صحافت سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی انہیں جملوں کی سلامی پیش کی۔