قبرصی ہم منصب سے دہشت گردی خاتمے پرگفتگوہوئی،سعودی وزیرخارجہ

0
306

ریاض (این این آئی)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے باور کرایا ہے کہ قبرص میں گہری سطح کی بات چیت ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے قبرصی ہم منصب کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے علاقائی استحکام اور دہشت گردی کا مقابلہ جیسے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔شہزادہ فیصل نے واضح کیا کہ قبرص یورپی یونین میں سعودی عرب کا ایک بنیادی شراکت دار ہے۔ یہ مملکت کو یورپ سے جوڑتا ہے۔اس موقع پر قبرص کے وزیر خارجہ یوانس کاسولیڈس نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں نے پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔کاسولیڈس کے مطابق ان کا ملک سعودی عرب کی حمایت اور مملکت کیساتھ شراکت داری کے تعلق کو گراں قدر قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بات چیت میں یورپی یونین اور سعودی عرب کے بیچ تعلقات زیر بحث آئے۔ دو ہفتے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ٹیلی فون پر قبرص کے وزیر خارجہ یوانس کاسولیڈس کے ساتھ دونوں ملکوں کے بیچ خصوصی تعلقات اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے کی کوششوں پر بات چیت کی