معاملے سے آگاہ ہیں لیکن واضح وجوہات کی بنا پر فی الوقت کوئی تبصرہ نہیں کررہے،ترجمان اقوام متحدہ

0
322

صنعاء (این این آئی)یمن کے جنوبی صوبہ ابین میں القاعدہ کے مشتبہ جنگجوئوں نے اقوام متحدہ کے پانچ کارکنوں کو اغوا کر لیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی حکام نے اقوام متحدہ کے کارکنوں کے اغوا کی تصدیق کی اور کہا کہ انھیں جنوبی صوبہ ابین میں اغوا کے بعد کسی نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔ان میں چار یمنی اور ایک غیرملکی شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے ان کارکنوں کے اغوا سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اس معاملے سے آگاہ ہیں لیکن واضح وجوہات کی بنا پر فی الوقت کوئی تبصرہ نہیں کررہے ہیں۔انھوں نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔علاقے کے قبائلی سرداروں کا کہنا تھاکہ وہ یرغمال کارکنوں کی رہائی کے لیے اغوا کاروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ان کے بہ قول اغوا کاروں نے تاوان اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی قید میں اپنے بعض عسکریت پسند ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔جنوبی عبوری کونسل نے عالمی ادارے کے کارکنوں کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے اسیدہشت گردانہ کارروائی قراردیا ۔یمنی حکومت نے تصدیق کی کہ اقوام متحدہ کے محکمہ سلامتی و تحفظ کے کارکنوں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا ہے اور وہ ان کی رہائی کے لیے کام کر رہی ہے۔