یوکرین میں امریکی سفارت خانہ بند ، سفارتی عمل بھی دوسرے شہر منتقل

0
255

واشنگٹن(این این آئی )امریکی وزارت خارجہ کے تر جما ن نے کہا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں امریکی سفارت خانہ عارضی طور پر بند کر کے اس کا سفارتی عمل ملک کے مغرب میں واقع شہر لفیف منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام یوکرین پر روسی حملے کے اندیشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلینکن نے ایک بیان میں کہا کہ میں اور میری ٹیم سیکورٹی کی صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ روسی افواج کے تیزی سے اکٹھا ہونے کے سبب ہم نے کیف میں سفارت خانے کی سرگرمیاں عارضی طور پر لفیف شہر منتقل کر دی ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ احتیاطی اقدامات سے یوکرین کے لیے ہماری سپورٹ کسی صورت متاثر نہیں ہو گی۔ یوکرین کی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے ہماری پابندی اٹل ہے۔ اسی طرح ہم ایک سفارتی حل تک پہنچنے کے واسطے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے ، اور روس کے ساتھ بھی رابطے میں رہیں گے۔