پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روکنا ہمارے بس میں نہیں، وزیر اطلاعات

0
257

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے واضح کیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی تو پاکستان میں بھی اضافہ ہوگا ،قیمتوں کو زیادہ دیر تک بڑھنے سے روکنا ہمارے لئے ممکن نہیں،اپویشن میں حکومت کو گرانے کی سکت نہیں، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، مریم نواز، شہباز شریف پاکستان کی تاریک علامتیں ہیں، ان کا کوئی مستقبل نہیں۔ میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمان، بلاول، مریم اور شہباز شریف اپنے بوجھ تلے خود دبے ہوئے ہیں، ان میں سکت نہیں کہ یہ حکومت کو ہٹا سکیں۔ انہوںنے کہاکہ جے یو آئی مجموعی طور پر ساٹھ سے 70 نشستوں پر الیکشن لڑتی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھی ڈویژنوں کی پارٹیاں ہیں، عمران خان کے آگے ان جماعتوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ شہباز شریف کے کیسز براہ راست عوام کو دکھائے جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ مقصود چپڑاسی، مسرور احسن اور منظور پاپڑ والا کے اکائونٹوں سے کس طرح اربوں روپے شہباز شریف اینڈ کمپنی کے اکائونٹوں میں منتقل ہوئے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیر مملکت فرخ حبیب ان کیسوں کے حوالے سے ایک قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنا وزارت خزانہ اور وزارت پٹرولیم کا کام ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار نہیں ہوتی، ہمیں عالمی منڈی سے پٹرولیم مصنوعات خریدنا پڑتی ہیں، عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھیں گی تو یہاں بھی قیمتیں بڑھیں گی۔ انہوںنے کہاکہ قیمتوں کو زیادہ دیر تک بڑھنے سے روکنا ہمارے لئے ممکن نہیں