تبدیلی کے مخالف الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرتے ہیں، وزیر اعظم

0
260

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے میئر پشاور کے انتخاب میں مسترد کئے گئے 23113 ووٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات سے یہ واضح ہو گیا ہے تبدیلی کے مخالف الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کیوں کرتے ہیں۔انتخابی نتائج کے مطابق جے یو آئی ف کا امیدوار 12087 ووٹوں کے فرق سے پی ٹی آئی کے امیدوار سے جیتا تاہم ان انتخابات میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 23113 ہے۔بدھ کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ایک بار پھر ڈبل اسٹیمپنگ اور دیگر وجوہات کے باعث مسترد ووٹوں کے مسئلے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بھی یہی بات سامنے آئی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تبدیلی کے مخالف اسی لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ وہ مخالف ووٹوں کو مسترد کر اکے انتخابات میں ہیرا پھیری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے ٹویٹ میں میئرپشاور کے الیکشن کے انتخابی نتائج بھی شیئرکئے ہیں جس کے مطابق جے یو آئی ف کے امیدوار نے ان انتخابات میں 63610 جبکہ پی ٹی آئی کیامیدوار نے 51523 ووٹ حاصل کئے ، اس طرح جے یو آئی ف کا امیدوار 12087 ووٹوں کے فرق سے جیتا لیکن ان انتخابات میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 23113 ہے۔