پاک جرمنی تعلقات کی 70ویں سالگرہ، یادگاری سکے کا اجرا

0
263

اسلام آباد (این این آئی) اسٹیٹ بینک نے پاکستان جرمنی سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر 70 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک جرمنی تعلقات کی سترویں سالگرہ پر ستر روپے مالیت کے یادگاری سکے کا اجرا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اسلام آباد آفس میں کیا گیا ہے۔یادگاری سکے کے اجرا کی تقریب میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور جرمنی کے سفیر برنارڈ شلیگ ہیک بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ، اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے میزبانی کی۔بانارڈ شلیگ ہیک نے تقریب کے انعقاد پر حکومت پاکستان اور اسٹیٹ بینک کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین ترقی کے شعبے میں تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔پاکستان میں تعینات جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے قریبی تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان جرمنی سفارتی تعلقات کا آغاز 15 اکتوبر 1951 کو ہوا تھا۔یادگاری سکے کا قطر 30 ملی میٹر، وزن 13 گرام اور کنارے دندانے دار ہیں جب کہ اس کے دھاتی اجزا تانبا اور نکل ہیں جس میں تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد ہے۔