واشنگٹن (این این آئی) امریکہ نے کہا ہے کہ یوکرائنی نیوکلیئر پلانٹ پر روس کا حملہ خطرناک تھا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا یوکرین کے معاملے پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر امریکی مندوب لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے رات گئے یوکرین میں ایک جوہری تباہی کو بمشکل ٹالا۔ امریکی مندوب کے مطابق نیوکلیئر پلانٹ پر روس کا حملہ لاپرواہ اور خطرناک تھا۔ حملے سے روس، یوکرین اور یورپ میں شہریوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر پلانٹ پر حملہ روس کے یوکرین پر حملے میں ایک خطرناک نئے اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ یوکرین کے فائر فائٹرز اور نیوکلیئر انجینئرز کو نیوکلیئر سائٹس تک مکمل رسائی ہونی چاہیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ایلچی نے روس سے یوکرین کے نیوکلیئر پلانٹ سے افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔