امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ، قونصل جنرل پاکستان عائشہ علی

0
290

نیو یارک (این این آئی) پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ علی نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستان میں معیشت کو بہتر بنانے اور پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہیں اور قونصل جنرل کا دفتر ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر وقت تیاررہتاہے۔ انہوں نے یہ بات نیو یارک کے معروف بزنس مین مرزا خاور بیگ کی جانب سے نیویارک کے میئر ایرک ایڈم کے خصوصی مشیر مقررہونے پر پاکستانی نژاد شخصیت احسن چغتائی اور نیو یارک پولیس میں ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے پاکستانی امریکن عدیل رانا کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سجاول بیگ اور کمیونٹی کی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ پاکستانی قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کردار دا کیا۔ انہوں نے کہا کہ احسن چغتائی اور عدیل رانا کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ اس موقع پر احسن چغتائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ تمام دوستوں اور کمیونٹی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہارکیا ہے اور وہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے میئرکے دفتر کے ساتھ رابطہ کار کاکر دار ادا کرینگے۔ اس موقع پر کاشف حسین ، پاکستانی امریکین پولیس کیپٹن وحید اختر، عمر عثمان، کیپٹن جہانگیر، روحیل خالد ، جہانگیر اشرف، ناصر سلیم اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔