اسلام آباد (ای این آئی)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی کسی بھی ایپلی کیشن کی بندش کی کبھی حمایت نہیں کریں گے تاہم جہاں ملکی سلامتی، مفاد عامہ کی بات آئے گی وہاں کسی قسم کی رعایت بھی نہیں دی جاسکتی۔ انھوں نے یہ بات اسلام آباد میں وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کے نویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، پروفیسر عطاء الرحمان سمیت ٹاسک فورس کے ارکان اور وزارت آئی ٹی کے حکام نے شرکت کی۔سید امین الحق نے کہا کہ کچھ دن پہلے ٹک ٹاک ایپلی کیشن کو عارضی طور پر بند کیا گیا جس پر میں نے اپنا واضح مؤقف دیا تھا کہ کسی بھی ایپلی کیشن کی بندش مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ انھیں قواعد و ضوابط کے دائرے میں لاکر صحیح سمت کی جانب راغب کرنا ضروری ہے اور ہم اس ضمن میں تیزی سے کام کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صرف سوشل میڈیا ہی نہیں بلکہ کسی بھی پلیٹ فارم کے ذریعے ملکی سلامتی کے خلاف پروپیگنڈہ، ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہی سرائی، اسلامی و معاشرتی اقدار کے منافی حرکات اور مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاڑ کرنے کیلئے نفرت انگیز گفتگو کسی صورت میں برداشت نہیں کی جاسکتی