بلوچستان کے طلبہ تعلیمی و تخلیقی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ، چیئر مین سینٹ

0
174

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلبہ تعلیمی و تخلیقی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس کا اثر ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی پر پڑیگاتاہم یہ انتہائی ضروری ہے کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو سیکرٹری انسانی حقوق افضل لطیف نے بلوچ طلبہ کے مسائل کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور خصوصی طور پر بنائے گئے کمیشن کے کام اور اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورتی عمل کو تیز کیا جائے تاکہ بلوچ طلبہ کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور اْن کی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عید الاضحی کی تعطیلا ت کے بعد اس پورے عمل پر خصوصی بریفنگ لی جائے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیم ایک بنیاد ی حق ہے اور اس کے لئے طلبہ کے اْن جائز مسائل کا حل ہونا انتہائی اہم ہے جو اْن کو اس بنیادی حق تک رسائی میں روکاوٹ ڈالتے ہیں۔ سیکرٹری انسانی حقوق افضل لطیف نے چیئرمین سینیٹ کو اب تک کی ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت سنجیدگی کے ساتھ بلوچستان کے طلبہ کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور خصوصی کمیشن کی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔