اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی چاروں متفرق درخواستیں مسترد کردیں۔الیکشن کمیشن نے دس صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ ممبر سندھ نثار درانی کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ انٹرا پارٹی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر پی ٹی آئی کا اعتراض بھی مسترد کردیا گیا،
الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی انتخابات کیس میں تحریک انصاف کے التوا کی درخواست بھی مسترد کردی۔علاوہ ازیں انٹرا پارٹی انتخابات کی کارروائی مخصوص نشستوں میں کمیشن کی درخواست پر فیصلے تک مؤخر کی استدعا بھی مسترد کردی گئی۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو ایف آئی اے کی جانب سے پارٹی آفس سے لے جائے گئے دستاویزات کی واپسی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کردی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ2017 کی شق 208 کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے قانونی تقاضوں کاجائزہ لینا کمیشن کی ذمہ داری ہے
شق 209ـ3 کے تحت سرٹیفیکٹ کے اجرا کے حقائق دیکھنا بھی کمیشن کہ ذمہ داری ہے۔یاد رہے کہ 27 اگست کو الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں سپریم کورٹ کی وضاحت آنے تک مقدمے کو زیر التوا رکھنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔