بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد

0
23

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ روشنیوں کا تہوار اتحاد، امن اور مسرت جیسے آفاقی اقدار کی علامت ہے جو پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے میں گہرائی سے جڑے ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے پاکستان کی ہندو اور شیڈولڈ کاسٹس برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملکی ترقی میں ان کے بیش بہا کردار کو سراہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دیوالی اندھیروں پر روشنی کی فتح کا جشن ہے اور ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے کہ ہم سب برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دیں۔ پی پی پی چیئرمین نے اپنی جماعت کے پختہ عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور انہیں اپنے تہوار وقار اور آزادی کے ساتھ منانے کا حق حاصل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کا تہوار امید، حوصلہ اور شفقت جیسے اقدار کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ وہ اصول ہیں جنہیں ہمیں ایک ترقی پسند اور جامع پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنانا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں ایک ایسے معاشرتی ماحول کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل رہے گی جہاں ہر شہری، چاہے اس کا کوئی بھی مذہب ہو، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ماحول میں فروغ پا سکے۔