عالمی برادری اسرائیل کو ایرانی خودمختاری کی پاسداری کا پابند بنائے، سعودی عرب

0
26

ریاض (این این آئی )سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کی خودمختاری کا احترام کرے اور اس کی سرزمین پر حملہ نہ کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو پابند کرے کہ وہ ایران کی خودمختاری کا احترام کرے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریاض میں منعقدہ غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں کیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے فون کال کی۔ ایرانی صدر نے مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلانے کے اقدام کی تعریف کی ہے۔ سربراہی اجلاس میں فلسطینی علاقوں اور لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے تسلسل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی صدر نے سربراہی اجلاس کی کامیابی اور اس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے ایرانی دارالحکومت تہران میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان فوجی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف جنرل سٹاف فرسٹ لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی کا ایران کا دورہ بیجنگ معاہدے کے دائرہ کار میں ہے۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے ہم آہنگی اور تعاون کی سطح کو بڑھانا ہے۔سعودی چیف آف دی جنرل سٹاف نے ایران کے سسٹنٹ چیف آف سٹاف برائے انٹیلی جنس اور سیکورٹی امور میجر جنرل غلام محرابی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔