چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس

0
15

لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا 7واں اجلاس پی ایس ڈی اے آفس میں منعقد ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔بورڈ اجلاس میں چھٹے اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ڈی جی پی ایس ڈی اے صاحبزادی وسیمہ عمر نے بورڈ ممبران کو ادارے کی ورکنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بورڈ نے ایچ آر،آڈٹ اور فنانس کمیٹیوں کے سربراہان کی تقرری کی منظوری دی اور اتھارٹی کے بورڈ ممبران کیلئے اجلاس میں شرکت پر ٹیکسوں کی کٹوتی کے بعد 35ہزار روپے الاؤنس کی بھی منظوری دی۔بورڈ نے ادارے کے فنڈز کی سرمایہ کاری کے لئے ڈی جی پی ایس ڈی اے کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی یہ کمیٹی ادارے کے فنڈز کی بہتر سرمایہ کاری کی پالیسی وضع کرے گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری فنی تعلیم کا فروغ میرا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں کی مرحلہ وار پروگرام کے تحت اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے اور ٹیوٹا کے اداروں میں عالمی معیار کی ٹیکنیکل ایجوکیشن کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ایس ڈی اے میں 11سو ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے اور اداروں کی رجسٹریشن آن لائن کی جارہی ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پی ایس ڈی اے ریگولیٹری ادارے کے ساتھ سہولت کار ادارے کابھی کردار ادا کرے اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کی مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت، ایڈیشنل ڈی جی پی ایس ڈی اے اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
٭٭٭٭ ٭