ٹیکسلا (این این آئی)بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، علیمہ خان اور علی امین گنڈاپور پر راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق صدر عارف علوی، شہریار ریاض، حماد اظہر، اسد قیصر کو بھی نامزد کیا گیا ہے، مقدمے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق بانء پی ٹی آئی نے علیمہ خان کے ذریعے عوام کو 24 نومبر کے احتجاج کا پیغام دیا۔بشریٰ بی بی نے 19 نومبر کے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کا کہا۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے پْرتشدد احتجاج کر کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔ملزمان نے ریاستی اداروں کے خلاف نعرہ لگائے، عوام میں خوف و ہراس پھیلایا۔مقدمے میں دہشت گردی سمیت 13 دفعات شامل ہیں۔دوسری جانب فیصل آباد کے تھانہ غلام محمد آباد میں بانء پی ٹی آئی سمیت 45 افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 سمیت 13 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس پر حملے سمیت دیگر الزامات میں 35 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔