”اگر میں بھارتی کرکٹر ہوں تو آسٹریلین چیف سلیکٹر سے ہاتھ کیوں ملاؤں”

0
13

پرتھ (این این آئی)بھارت کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد سابق آسٹریلوی کرکٹر ای این ہیلی آسٹریلین چیئرمین آف سلیکٹرز پر برس پڑے۔پرتھ میں بارڈرـ گواسکر ٹرافی کے پہلے میچ کے بعد آسٹریلیا کے چیئرمین آف سلیکٹرز جارج بیلی گراؤنڈ میں بھارتی پلیئرز سے ہاتھ ملاتے نظر آئے تھے، یہ بات آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ہیلی کو کچھ خاص ہضم نہیں ہوئی اور انھوں نے اس عمل پر کھل کر تنقید کی ہے۔میچ میں یکطرفہ مات کے بعد بیلی میدان میں نظر آئے، اس پر ای این ہیلی نے اسپورٹس چینل پر تجزیے کے دوران کہا کہ سلیکٹر میدان میں گئے اور سب سے مصافحہ کیا، انھوں نے کانگا لائن میں کھڑے ہوکر تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔ای این ہیلی نے کہا کہ ‘میں سوچوں گا کہ اگر میں ایک بھارتی کرکٹر ہوں، تو مجھے آپ سے ہاتھ ملانے کی کیا ضرورت ہے، آپ سلیکٹرز کے چیئرمین ہیں؟ میں صرف جلد سے جلد باہر جانا چاہتا ہوں اور اس جیت کا جشن منانا چاہتا ہوں۔ہیلی نے 1988 سے 1999 کے درمیان آسٹریلیا کے لیے 119 ٹیسٹ اور 168 ون ڈے کھیلے ہیں، وہ آسٹریلیا کے ڈگ آؤٹ میں چیف سلیکٹرز جارج بیلی کی موجودگی سے خاصے ناراض تھے۔درحقیقت بھارت کے خلاف میچ کے بعد آسٹریلیا کے سابق کپتان نے بھی گراؤنڈ میں جاکر کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا تھا اور یہ بات سابق وکٹ کیپر بلے باز کے نزدیک انوکھی تھی۔خیال رہے کہ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 150 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بھی پرتھ میں میزبان ٹیم کو 295 رنز کی بڑی شکست سے دوچار کیا تھا۔