پاک امریکہ تعلقات کے 75سال ،امریکی سینیٹرز، اراکین اور معروف شخصیات کی جانب سے خیر سگالی مبارکبادکے پیغامات

0
282

واشنگٹن(این این آئی)یوم آزادی پاکستان اور پاک امریکہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی سینیٹرز، کانگریس اراکین اور امریکہ میں مقیم معروف شخصیات کی جانب سے خیر سگالی اور مبارکباد کے پیغامات دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سینٹ کمیٹی برائے خارجہ امور کے رکن سینیٹر ٹاڈ ینگ کی جانب سے مبارک باد کے پیغام میں جنوبی ایشیاء میں امن اور استحکام کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ۔ سینیٹر ٹاڈ ینگ کے مطابق 4 اگست کو پاکستان اور امریکہ اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں ، اس تاریخ کو پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ ہے۔ سینیٹر ٹاڈ ینگ نے کہاکہ امید ہے کہ آئندہ 75 سالوں میں پاک امریکہ تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے،ہم آج یہ تاریخی سنگ میل منا رہے ہیں اور آئندہ سالوں میں بھی مناتے رہیں گے۔ سینیٹر ٹاڈ ینگ کمیٹی برائے تجارت، سائنس اینڈ ٹرانسپورٹیشن، فنانس اور سمال بزنس و انٹرپینورشپ کی کمیٹیوں کے بھی رکن ہیں،امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی جانب سے سینیٹر ٹاڈ ینگ کا شکریہ ادا کیا گیا ۔ سر دار مسعود خان نے کہاکہ سینیٹر ٹاڈ ینگ پاکستان کے گہرے دوست ہیں،ہم ان کے جذبہ خیر سگالی کی قدر کرتے ہیں۔ سر دار مسعود خان نے کہاکہ سینیٹر ٹاڈ ینگ ہر شعبے میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بڑھانے کے خواہش مند ہیں سینیٹر ٹاڈ ینگ جیسے رہنما پاکستان اور امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ہمارا ہاتھ بٹائیں گے۔ یاد رہے کہ اس حوالے سے امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کی ذیلی کمیٹی برائے مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا، سنٹرل ایشیا اور کاؤنٹر ٹیررازم کے چیئرمین سینیٹر کرس مرفی نے بھی اپنا خصوصی پیغام بھجوایا تھا جس میں انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔سینٹر کرس مرفی نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، پاک امریکہ تعلقات وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں۔سینٹر کرس مرفی نے کہاکہ امید کرتا ہوں کہ گذشتہ برسوں کی طرح اگلے 75سالوں میں یہ تعلقات مزید بڑھیں گے۔