بیجنگ (این این آئی)ترجمان چین کی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ چین کسی ملک کیساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا، چین کے جوہری ہتھیاروں کی ترقی ایک تاریخی انتخاب ہے۔چینی میڈیاکے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں چین کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاملے پر کہا کہ ایک ذمہ دار بڑے ملک کی حیثیت سے چین پرامن ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور کسی بھی ملک کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا۔انہوںنے کہاکہ چین کا جوہری ہتھیاروں کی ترقی ایک تاریخی انتخاب ہے جو ایک خاص تاریخی دور میں جوہری خطرات کا جواب دینے، جوہری اجارہ داری کو توڑنے اور جوہری جنگ کو روکنے کے لیے اپنایا گیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ چین جوہری ہتھیاروں کے پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، اپنے دفاع کی جوہری حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، اور ہمیشہ اپنی جوہری قوتوں کو قومی سلامتی کے لیے ضروری کم سے کم سطح پر برقرار رکھتا ہے ۔