کشمیری پنڈتوں کی وادی کشمیر میں واپسی ایک انسانی مسئلہ ہے، میر واعظ

0
19

سرینگر(این این آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری مسلمان پنڈتوں کی مقبوضہ وادی کشمیر میں واپسی کے خواہاں ہیں ،پنڈتوں کی واپسی ایک انسانی مسئلہ ہے اور اسے تنازعہ کشمیرسے ہرگز نہیں جوڑنا چاہیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمرفاروق نے ایک میڈیاانٹرویو میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پنڈت اپنے گھروں کو لوٹیں اور اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ پہلے کی طرف امن سے زندگی گزاریں ۔ میر واعظ نے کہا کہ انہوں نے کئی بار جامع مسجد سرینگر کے منبر سے کشمیری پنڈتوں کی واپسی کی اپیل کی ہے ، ان کی واپسی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،اکثریتی برادری ان کے استقبال میں اپنا کردار ادا کرے گی۔میر واعظ نے کہا کہ انہوں نے کشمیری پنڈتوں کے وفود سے ملاقات کی اور واپسی کے بارے میں انہیں تجاویز بھی دیں ۔ میرواعظ عمرفاروق اس وقت دہلی میں ہیں،جہاں وہ مسلمانوں کے مسائل اور وقف ترمیمی بل کے حوالے سے مسلم رہنماؤں، دانشوروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔یا د رہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیری پنڈتوںکو1990کے اوائل میں ایک منصوبے کے تحت وادی سے نکالا تھا۔ مقبوضہ جموںوکشمیر کے اس وقت کے گورنر جگموہن نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایاتھا۔ پنڈتوں کو وادی سے نکالنے کا مقصد کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو فرقہ واریت اوردہشت گردی کا رنگ دینا تھا۔