پنجاب کے سیاحتی حسن کو دنیا کے سامنے لائیں گے ‘ مریم نواز

0
46

لاہور(این این آئی)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے خوبصورت سیاحتی حسن کو دنیا کے سامنے لائیں گے۔سیاحت کی بحالی کے عالمی دن پر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ صوبے کے مختلف خطوں میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل پوشیدہ ہے، پنجاب صحراؤں، پہاڑی سلسلوں، جھیلوں اور دریاؤں کی دھرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں، معیشت، مقامی ثقافت اور بین الاقوامی تعلقات کے استحکام کے لیے سیاحت ناگزیر ہے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ مری گلاس ٹرین پراجیکٹ سیاحت کے فروغ کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا، مری کو عالمی معیار کا سیاحتی مقام بنانے کے لیے ماسٹر پلان پر عمل جاری ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ محفوظ اور آرام دہ سفر کے لیے اہم روڈز کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے، کرتار پور میں عالمی معیار کا ہوٹل بنائیں گے، مذہبی سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا ہے کہ پنجاب میں نئے پرکشش سیاحتی مقامات متعارف کرائے جا رہے ہیں، سیاحوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بہترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔