ماہرہ اور ہمایوں سعید کی رومانوی فلم” لو گرو” عید الاضحی کے موقع پر ریلیز ہوگی

0
16

کراچی (این این آئی)پاکستان شوبز کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے ہمایوں سعید کے ساتھ اپنی نئی فلم لو گرو کا پوسٹر شیئر کر دیا۔ماہرہ خان اور شوبز انڈسٹری کے سپر اسٹار ہمایوں سعید کی جوڑی کو ایک ساتھ بیحد پسند کیا جاتا ہے۔ بن روئے ڈرامے اور اس کے فلمی حصے کے بعد اس جوڑی نے مداحوں کے دلوں میں گھر کرلیا اور آج بھی مداح انہیں ایک ساتھ دیکھنے کیلئے بیقرار ہیں۔ تاہم اب ان مداحوں کا انتظار ختم ہوا کیونکہ جلد یہ خوبصورت جوڑی ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوگی۔ ماہرہ خان نے فلم کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے اس کی ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان کیا ہے۔رومانوی کہانی پر مبنی فلم” لو گرو” رواں سال عید الاضحی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کی ہدایتکار معروف فلمساز ندیم بیگ نے کی ہے۔ بن روئے اسٹارز نے اپنی اس فلم کی عکسبندی پاکستان کے مختلف مقامات سمیت برطانیہ میں کی ہے۔ تاہم اس فلم کی اسٹوری کیا ہے یہ اس کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا۔