امریکہ نے پاکستان اور چین سمیت 8 ممالک کی 70 کمپنیوں پر برآمدی پابندیاں عائد کر دیں

0
39

واشنگٹن (این این آئی)امریکہ نے پاکستان، چین اور 8 دیگر ممالک کی مجموعی طور پر70 کمپنیوں پر برآمدی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔یہ پابندیاں ان کمپنیوں کے خلاف تجارتی تعلقات کو محدود کرنے کے لیے عائد کی گئی ہیں جن پر امریکی حکام کے مطابق قومی سلامتی کے خطرات کے خدشات ہیں۔اس اقدام کا مقصد غیر قانونی یا حساس ٹیکنالوجیز کی منتقلی کو روکنا ہے جو ممکنہ طور پر امریکہ کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔یہ پابندیاں امریکی کمپنیوں کو ان کمپنیوں کے ساتھ کاروبار کرنے سے روکتی ہیں اور اس کے نتیجے میں ان کمپنیوں کو امریکی ٹیکنالوجیز کی فراہمی مشکل ہو جائے گی۔امریکی پابندی کی ذد میں آنے والی ان کمپنیوں میں پاکستان کی 19،چین کی 42 متحدہ عرب امارات کی 4 کمپنیاں شامل ہیں، ایران فرانس، برطانیہ افریقا اور سینیگال کی کمپنیاں بھی پابندی کا شکار ہوئی ہیں۔امریکی حکومت کا دعویٰ ہے کہ جن اداروں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں وہ امریکہ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کے منافی کام کر رہے ہیں۔امریکہ کی طرف سے عائد کی جانے والی یہ پابندیاں چین اور پاکستان سمیت متعدد ممالک کی کمپنیوں کے لیے اقتصادی چیلنجز کا سبب بن سکتی ہیں۔