اسلام آباد /لندن(این این آئی) وائس چیئر مین اوورسیز پنجاب کمیشن بیرسٹر امجد ملک نے کہاہے کہ بھارتی شہریوں کے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرے میں اشتعال انگیز حرکتوںسے برطانیہ میں بھی نقص امن کا خطرہ ہے،ہم بحیثیت اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کےساتھ کھڑے ہیں،کسی بھی قسم کے اشتعال ، کسی بھی قسم کی طاقت یا کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا بھرپور مقابلہ کرینگے۔ پہلگام واقعہ کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں بیرسٹر امجد ملک نے کہاکہ پاکستان خود بھی دہشتگردی کا شکار ہے ،بلوچستان میں ہونے والے واقعات اور افغان بارڈر پر ہونے والی دہشتگردی اس بات کی متقاضی ہے کہ دونوں ممالک دہشتگردی کا ملکر سامنا اور مقابلہ کریں ،دہشتگردی ایک مشترکہ دشمن ہے۔ بیرسٹر امجد نے کہاکہ بھارت نے جس طرح کا رد عمل دیا ہے ایک بڑے ملک کے ناطے مناسب نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت ایسی چیزوں کو چھیڑ رہاہے جن معاہدوں بارے بین الاقوامی قانون تحفظ فراہم کرتا ہے، یہ اشتعال انگیزحرکت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح جنگ کاماحول بارڈر پر بنایا جارہا ہے اور ادلے کا بدلہ جیسے اقدامات کئے جارہے ہیں وہ ناموزوں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی جہاں بھی ہوں پاکستان کے ساتھ ان کے دل دھڑکتے ہیں ، اوورسیز پاکستانی ہمیشہ دامے ، درمے ، سخنے پاکستان کی مدد کےلئے تیار رہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پہلی بار دیکھا ہے کہ بھارتی شہریوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ کیا اور اس مظاہرے میں اشتعال انگیز حرکتیں کی ہیں جس سے یہاں بھی نقص امن کا خطرہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میںپاکستان کی ریاست کے ساتھ ہوں لیکن ساتھ ساتھ دونوں ممالک سے اس بات کا متقاضی ہوں کہ اپنے اپنے شہریوں کو پر امن رہنے کی درخواست کریں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر آپ پہلگام واقعہ کے اوپر تحقیقات کروائیں اور کوئی منطقی نتیجے پر پہنچے تو باقی بازاری بیان بعد میں دینے چاہئیں اور یہی ایک سمجھدار ریاست کا کام ہونا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم بحیثیت اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کےساتھ کھڑے ہیں ،کسی بھی قسم کے اشتعال ، کسی بھی قسم کی طاقت یا کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا بھرپور مقابلہ کرینگے ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور انشاءاللہ محفوظ ہی رہے گا ۔
٭٭٭٭٭