کوئین آف پاپ نازیہ حسن کی 22ویں برسی (کل )منائی جائیگی

0
272

لاہور (این این آئی ) برصغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی کوئین آف پاپ پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی 22ویں برسی کل ( ہفتہ) منائی جائے گی ۔نازیہ حسین 3اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں ۔نازیہ حسین نے پندرہ سال کی عمر میں ہندوستانی فلم ”قربانی ”کے لیے ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے ”گانا گایا تھا جس کے بعد وہ کامیابی کی ایک کے بعد ایک سیڑھی طے کرتی گئیں۔قابل ذکر امر ہے کہ نازیہ حسن کو یقین ہی نہیں تھا کہ ان کے کام کو دنیا بھر میں پذیرائی ملے گی مگر 1980ء میں پندرہ سال کی عمر میں وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔نازیہ نے اپنے فنی کریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور پروگرام ”سنگ سنگ چلیں”سے کیا جس میں ان کے بھائی زوہیب حسن بھی ان کے ساتھ شرکت کرتے تھے، دونوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم بھی حاصل کی۔عالمی سطح پر نازیہ حسن کو اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے ہندوستانی موسیقار بدو کی موسیقی میں فلم قربانی کا مشہور نغمہ ”آپ جیسا کوئی میری زندگی”میں آئے ریکارڈ کروایا، اس نغمے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور اس پر انہیں ہندوستان کا مشہور فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی شخصیت تھیں۔فلم ”قربانی” کے اس نغمے کی مقبولیت کے بعد نازیہ اور زوہیب حسن کا مشہور البم ”ڈسکو دیوانے”ریلیز ہوا۔ اس کیسٹ نے بھی فروخت اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے، دیگر مقبول البمز میں ‘بوم بوم اور ینگ ترنگ’ کے نام شامل ہیں جبکہ اس دوران ان کے گانے ویسٹ انڈیز، لاطینی امریکا، برطانیہ اور روس کے میوزک چارٹس میں بھی سرفہرست رہے۔انیس سو ستانوے میں نازیہ کی شادی مرزا اشتیاق بیگ سے ہوئی جو بعد ازاں طلا ق کے بعد ختم ہوگئی ۔نازیہ حسن نے گلوکاری کے میدان میں جو پاپ میوزک کے ذریعے شہرت حاصل کی آنے والے وقتوں میںکوئی بھی گلوکارہ ان تک نہ پہنچ سکی اوریہ اعزاز آج بھی نازیہ حسن کو حاصل ہے ۔نازیہ حسن کینسرجیسے موذی مرض میں مبتلا ہوئیں اور بلاآخر 13اگست 2000ء کوایک بیٹے اور لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا فانی سے رخصت ہوگئیں ۔