وزیراعظم نے ترک صدر کو بھارتی حملوں کی تفصیلات سے آگاہ کردیا

0
30

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھارتی حملوں کی تفصیلات سے آگاہ کردیا۔اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اپنے بھائی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بات چیت ہوئی، صدر طیب اردوان سے رابطے میں ترکیہ کی یکجہتی پر ان کے شکر گزار ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کے میزائل حملے میں شہادتوں پر ترک بھائیوں کی دعاؤں کو سراہتے ہیں، ترک صدر کو بھارتی حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوںنے کہاکہ ترکیہ کی خطے میں امن و استحکام کی کوششیں قابل تحسین ہیں، پاکستان کا مؤقف واضح ہے، ہم امن چاہتے ہیں مگر کمزوری نہیں دکھائیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاک افواج نے دشمن کو پیشہ ورانہ مہارت سے پسپا کیا، ہماری مسلح افواج دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ملکی خود مختاری اور سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔