شکاگو(این این آئی )شکاگو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے یوم معرکہ حق منایا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے افواج پاکستان، سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ شکاگو میں پاکستانی کمیونٹی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی امریکن بزنس چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ صدر ٹرمپ نے بھارت کی درخواست پر فوری جنگ بندی کرائی اور دنیا کے امن کے حوالے سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ ہر امن پسند انسان صدر ٹرمپ کے اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔ تقریب میں قونصل جنرل طارق کریم رانا،جاویدچوہدری ،رشیدچوہدری ،ریاض قاری،منان سلیمان ،آفتاب رانا،زاہد آصف ملک ودیگر موجود تھے ،نویدانور نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور افواج نے عالمی قانون اور ذمہ دار ریاست کے طور پر کردار ادا کیا۔ پاکستان کی تحقیقات کی پیشکش نہایت دانشمندانہ اور مناسب تھی جس کی پوری دنیا نے تائید کی۔ نوید انور نے کہاکہ بھارت نے رات کی تاریکی میں جارحیت کی اور عام شہریوں، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا لیکن پاکستان نے دن کے اُجالے میں بھارت کی صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ناقابل تسخیر دفاع کی طرح معاشی قوت بننا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت پاکستان کے سیاسی، سفارتی اور عسکری محاذ پر ہر فرد نے عظیم جذبے اور مہارت سے کام کیا۔ نوید انورنے چیئرمن جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو، ایڈمرل نوید اشرف اور افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اجتماعی طور پر افواج کو مبارک دیتے ہوئے کہاکہ کہ ملک کے اندر اور ملک سے باہر ہر پاکستانی اور پاکستان سے محبت کرنے والے کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔