تہران(این این آئی) ایران وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے زور دے کر کہا ہے کہ صہیونیوں نے 53 سال قبل مسجد الاقصی کو جو آگ لگائی تھی وہ ایک ایسا جرم تھا جو قابضین کے لیے نہ پہلا تھا اور نہ ہی آخری ہوگا۔ اس طرح کے جرائم صہیونیوں کے ہاتھوں مسلسل جاری ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کنعانی نے ٹویٹرپر ایک ٹویٹ میں مزید کہا کہ 53سال قبل آج کے دن 21 اگست 1969 کو صیہونیوں نے قبلہ اول (مسجد الاقصی)کو آگ لگا دی تھی۔ مسلمانوں کے مقدس مقامات کے خلاف صہیونیوں کا وہ نہ توپہلا جرم تھا اور نہ ہی آخری ہوگا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ فلسطین کو بچانے کا واحد راستہ مزاحمت ہی ہے۔ مسجد اقصی اور دنیا کی تمام مساجد فلسطین کی مکمل آزادی تک صیہونیت کے خلاف مزاحمت کا مرکز رہیں گی۔کنعانی نے مسجد اقصی کی تصویر اور ایرانی کیلنڈر میں مسجد کے عالمی دن کی تقریب کے ساتھ ایک ٹویٹ منسلک کیا۔ انہوں نے تصویر پر یہ بھی لکھا کہ مسجد مزاحمت کا مرکز ہے اور مسجد اقصی مزاحمت کی علامت ہے۔