بلوچستان بارشیں،کراچی کا گوادر اور کوئٹہ سے رابطہ منقطع، عارضی راستے بہہ گئے

0
701

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو ایک بار پھر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مستونگ سلطان بگٹی کے مطابق لسبیلہ ڈسٹرکٹ میں پھر شدید بارشوں سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے جس کی وجہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک اور ذرائع آمدورفت کیلئے مکمل معطل ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی کے لیے سفر کرنے والے مسافر، کوچز، مال بردار ہیوی گاڑیاں اور دیگر چھوٹے بڑے گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو تنبیہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے مکمل گریز کریں تاکہ انہیں سفر کے دوران کوئی مشکلات پیش نہ آسکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسلسل بارشوں سے قومی شاہراہ سفر کرنے کے قابل نہیں ہے لہٰذا ٹرانسپورٹرز اور عوم الناس کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔اس کے علاوہ گوادر اور مکران کا بھی کراچی سے رابطہ منقطع ہوگیا، دونوں شہروں کے درمیان عارضی راستہ بہہ گیا۔ضلع لسبیلہ کے دو مقامات پر نئے سیلابی ریلے پہنچ گئے، فورٹ منرو اور رکھنی میں بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔دوسری جانب آٹھویں روز بھی بلوچستان اورپنجاب کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی، دھاناسر کے مقام پر بلوچستان خیبرپختونخوا شاہراہ بھی 8 ویںروز بند رہی جہاں 2ہزار سے زائد مال بردار اور چھوٹی گاڑیاں پھنسی رہیں