یورپی یونین کا پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان

0
173

اسلام آباد (این این آئی)یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بارشوں اور سیلاب نے مختلف علاقوں میں تباہی مچادی جہاں لوگوں کے مکانات بہہ گئے اور وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا کر بحالی کے کاموں میں مصروف ہے اس موقع پر یورپی یونین نے بھی سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو (تقریباً 7 کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے) امداد کا اعلان کیا۔ مذکورہ امداد سے بلوچستان کے علاقے جھل مگسی اور لسبیلا میں سیلاب زدگان کی ضروریات کو پورا کیا جائیگا۔پاکستان میں یورپی یونین کی انسانی ہمدردی کے پروگرام کی نگران تہینی تھماناگوڈا کا کہنا ہے کہ سیلاب نے پاکستان کے مختلف علاقوں تباہی مچائی ہے جس کے باعث لوگ نہ صرف اپنی قیمتی اشیا بلکہ گھروں تک سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا یورپی یونین کی فنڈنگ ان تباہ حال علاقوں میں موجود لوگوں، جن میں خواتین اور بچیاں بھی شامل ہیں، کی اس مشکل وقت میں اہم مدد ہوگی۔