امداد کی رقم 28ارب سے بڑھا کر 70ارب روپے کرنے کافیصلہ کیا ہے، ہر متاثرہ خاندان تک شفاف طریقے سے امداد پہنچے گی، وزیراعظم پاکستان

0
187

قمبر شہدادکوٹ (این این آئی)وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی رقم 28ارب سے بڑھا کر 70ارب روپے کرنے کافیصلہ کیاہے،ہر متاثرہ خاندان تک شفاف طریقے سے امداد پہنچے گی، سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں، لوگ بے گھرہو ئے، عالمی برادری کی طرف سے امداد کاشکریہ اداکرتے ہیں، سیلاب کی آفت ہماری استعداد کارسے بہت زیادہ ہے، ہم چاہتے ہیں سب مل کر کام کریں کیونکہ یہ وقت سیاست نہیں بلکہ خدمت کا ہے،، میرا نہیں خیال کہ پاکستان سمیت سندھ میں پہلے اتنی بڑی تباہی ہوئی ہو، سیلاب سے فصلیں تباہ اور گھرمنہدم ہو گئے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے پیرکوقمبرشہدادکوٹ کے سیلاب متاثرین کے لئے قائم کئے گئے کیمپ کا دورہ اور علاقے کا فضائی معائنہ بھی کیا۔ وزیر اعظم سیلاب متاثرہ قمبر شہدادکوٹ کے دورے کے لیئے سکھر ائیرپورٹ پہنچے تو بلاول بھٹو زرداری نے استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کے استقبال کے لئے وزیر اعلی سندھ، ناصر شاہ، نعمان اسلام شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمبر شہدادکوٹ کا فضائی جائزہ لیا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں کو قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب سے آنے والی تباہی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے۔دونوں رہنماں نے قمبر شہداد کوٹ سے واپسی پر سکھر حیدرآباد ہائی وے کے اطراف سیلاب کی تباہ کاریوں کا بھی فضائی معائنہ کیا۔وزیراعظم سیلاب متاثرین سے ملاقات کے لئے ان کے خیموں میں گئے اور بچوں اورعورتوں سمیت سیلاب متاثرین سے ان کاحال احوال دریافت کیا، انہیں تسلی دی اور ان کے لئے حکومتوں اداروں کی طرف سے کئے گئے انتظامات ، ادویات اور خوراک کی فراہمی کا جائزہ لیا۔وزیراعظم نے متاثرین سے ان کی ضرورریات اورمشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی ہمراہ تھے۔سیلاب زدگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقے کافضائی جائزہ لیا ہے،ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے۔ سندھ حکومت متاثرین کی مدد کے لئے دن رات کام کر رہی ہے ۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر متاثرین کی مدد کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ خیموں اور مچھر دانیوں کی ضرورت ہے، مزید 7 لاکھ خیموں کا آرڈر دیا گیا ہے، بلاول بھٹو، وزیر اعلی سندھ اور ان ٹیم کو مبارک باد کہ وہ دن رات کام کر رہے ہیں، ہم فی خاندان 25 ہزار روپے تقسیم کر رہے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پیسے تقسیم کیے جا رہے ہیں، پہلے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت 28 ارب روپے تقسیم کر رہے تھے، اب اتحادی حکومت نے مشاورت کے بعد اس رقم کو بڑھا کر 70 ارب روپے کردیا ہے۔ شفاف طریقے سے یہ امدادی رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے تقسیم کی جائے گی