دبئی سے پاکستان لایا جانے والا دو کروڑ روپے مالیت کا سونا دوران پرواز چوری ہوگیا

0
413

کراچی (این این آئی)دبئی سے پاکستان لایا جانے والا دو کروڑ روہے مالیت کا سونا دوران پرواز چوری ہوگیا، پرواز اترنے پر تلاشی کے باوجود سیکیورٹی حکام سونا برآمد نہ کرسکے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کا واقعہ سامنے آگیا، دوران پرواز جیولر کا دو کروڑ روپے مالیت کا 1542 گرام سونا چوری ہوگیا۔نجی ایئرلائن کی پرواز نمبر ای زید 335 سے کراچی آنے والے مسافر جیولر محمد مونس نجی ایئرلائن کی پرواز سے چار ستمبر کی سہ پہر کراچی آرہا تھا۔متاثرہ جیولر نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دورانِ پرواز سیٹ کے اوپر لگیج میں رکھے بیگ سے ڈیڑھ کلو سونا غائب ہوا۔محمد یونس نے کہا کہ سونے کی گمشدگی کی اطلاع فوری طور پر طیارے کے عملے کو دی، جس پر عملے نے سیکیورٹی حکام کو مطلع کیا اور جہاز لینڈ کرنے کے بعد سونے کی تلاش میں پاکستان ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے مسافروں کی سو فیصد اسکیننگ کی تاہم سونا برآمد نہ ہوسکا۔ذرائع کے مطابق مسافر محمد مونس قانونی طریقے سے ایکسپورٹ کیے گئے زیورات کی نصف قیمت سونے کی شکل میں واپس لارہا تھا اور سونے کی پاکستان آمد کے بارے میں کسٹم حکام کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی، سونا کراچی کے نورتن جیولر کی ملکیت تھا۔ڈیوٹی پر تعینات کسٹم حکام نے بتایا کہ مسافر کی رپورٹ پر جہاز کی تفصیلی تلاشی لی گئی اور تمام مسافروں اور سامان کی بھی 100 فیصد سکریننگ کی گئی تاہم سونا کسی مسافر سے برآمد نہ ہوسکا کسٹم حکام نے امکان ظاہر کیا کہ چوری کا واقعہ دبئی ایئرپورٹ سے روانگی کے وقت پیش آیا ہو تاہم متاثرہ مسافر کا دعویٰ ہے کہ دوران پرواز سونے کی موجودگی کی تصدیق کی تھی سونا دوران پرواز ہی چوری ہوا ہے۔