امریکہ میں مقیم شیعہ رہنمائوں کا سیلاب سے متاثرہ پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

0
170

واشنگٹن (این این آئی)سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان بین الفقہی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،ہمارا تنوع ہماری طاقت ہے جس کا احترام، تحفظ اور اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستانی سفیر مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے امریکہ میں مقیم شیعہ علماء اور مذہبی رہنماؤں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا جو حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے پاکستانی بہن بھائیوں سے یک جہتی کے اظہار کیلئے سفیر پاکستان سے ملاقات کرنے آئے تھے۔ وفد میں گھانا سے تعلق رکھنے والے عالم ادارہ جعفریہ شیخ عبدالجلیل نوی، عراق سے تعلق رکھنے والے صدر شیعہ رائٹس واچ مصطفی اخوند، بھارت سے تعلق رکھنے والی ادارہ جعفریہ کی سیکرٹری جنرل مریم ٹھاکر ، ٹرسٹی امام علی سینٹر اور کمیونٹی کا رکن وسیم نقوی، ریذیڈنٹ عالم شاہِ نجف سید سلیمان علی حسن، شاہِ نجف سے مولانا مسلم چاولہاور محمدیہ سنٹر کے فقیر نقوی شامل تھے۔سفیر پاکستان نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر پاکستان نے 2005 کے زلزلے کے دوران شیعہ برادری کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی شیعہ برادری مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ہم ایک امہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ہماری اقدار مشترک ہیں۔ بنیادی طور پر ہم ایک کمیونٹی ہیں،ہم انسانیت کی خدمت کے داعی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم آہنگی کے فروغ اور معاشرے میں تفرقہ بازی پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کا سد باب کرنے کے لیے ہمیں بین المذاہب اور بین التہذیبی مکالمے کو تقویت دینے کی ضرورت ہے۔وفد نے سفیر پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے جاری ریلیف اور ریسکیو کے حوالے سے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔سفیر پاکستان نے وفد کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب زدگان کی زیادہ سے زیادہ امداد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔وفد نے فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے سفیر پاکستان کو اپنی تجاویز بھی پیش کیں