چینی سفیر کی خرم دستگیر خان سے ملاقات ،جاری منصوبوں کو تیز کر نے پر اتفاق

0
137

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر پاور انجینئر خرم دستگیر خان سے ملاقات کی جس میں جاری منصوبوں کو تیز کر نے پر اتفاق کیا گیا ۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر وزیر نے چینی سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاک چین دوستی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں کوئی دوسرا ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں تھا تاہم ہمارے برادر ملک چین نے ہمارا ساتھ دیا۔ انہوںنے کہاکہ پاور سیکٹر میں چینی سرمایہ کاری بہت اہمیت کی حامل ہے۔ دونوں فریقین نے سی پیک کے تحت پن بجلی کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور جاری منصوبوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔سفیر نے موجودہ حکومت کی سی پیک کے حوالے سے عزم اور مسلسل رابطے کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سلسلہ جاری رہنے سے پاک چین دوستی کا ثمر ملے گا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوگا۔