دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں کردار کیلئے اپنا وزن 100کلو تک بڑھانا پڑا، فواد خان

0
200

کراچی (این این آئی)پاکستانی اسٹار فواد خان نے انکشاف کیا کہ فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں اپنے کردار کے لیے انہیں اپنا وزن 100 کلو تک بڑھانا پڑا۔فواد خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے کافی عرصہ اسکرین سے غائب رہنے اور اپنے نئے آنے والے میگا پروجیکٹس کے بارے میں بات کی۔انہوں نے اپنی نئی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم میں اپنے کردار کو ادا کرنے کیلئے جو میں نے اپنے ساتھ کیا وہ بالکل بھی ٹھیک نہیں تھا، اور میں دوبارہ ایسا کبھی نہیں کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے کچھ قابل اعتراض کاموں کا انتخاب کیا، جس کا مجھ پر بہت منفی اثر ہوا۔انہوں نے بتایا کہ اپنی ظاہری جسامت کو تبدیل کرنا بہت مشکل کام ہے اور لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ جب آپ ایسا کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ آپ کی صحت پر بہت زیادہ اثر ڈالتا ہے اور میرے ساتھ تو یہ ہوچکا ہے۔فواد خان نے بتایا کہ میں دس دن ہسپتال میں داخل رہا، میرے گردے صحیح سے کام کرنا بند ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پھر ڈاکٹرز نے مجھے کم چلنے اور ذہنی دبائو سے مکمل طور پر گریز کرنے کو کہا۔انہوں نے بتایا کہ میرا وزن تقریبا 73سے 75کلو تھا، لیکن فلم کے کردار کو اداکرنے کیلئے وزن کو 100کلو تک بڑھایا۔اداکار نے انکشاف بھی کیا کہ اپنا وزن بڑھانے کیلئے انہوں نے برطانوی اداکار کرسچن بیل اور بھارتی اداکار عامر خان کو فالو کیا۔انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ حالات کی وجہ سے ہوا، میں کرسچن بیل نہیں ہوں لیکن میں نے ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی کوشش کی، یہاں تک کہ اس معاملے میں میں نے عامر خان کو بھی فالو کیا۔