حکومت ہیکر سے لیک ڈیٹا خرید رہی ہے، فواد چوہدری

0
145

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت ہیکر سے لیک ہونے والا ڈیٹا خرید رہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ20 اگست سے اب تک وزیراعظم آفس کی آڈیو لیک ہوتی رہی ہیں، ہم نے بہت خرچ کر کے ایجنسیوں کو جدید آلات سے لیس کیا، 340 گھنٹوں کی آڈیو لیک ہوئی تاہم کسی ادارے کو معلوم ہی نہیں ہوا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے وزیراعظم کا دفتر بھی سائبر سکیورٹی کے حوالے سے غیر محفوظ ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، مریم اورنگزیب اور رانا ثنااللہ نے بیانات دئیے مگر دونوں کے بیانات ہی مضحکہ خیز ہیں، ابھی تک وزیراعظم آفس نے آڈیولیک پر بیان جاری نہیں کیا، آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہیکر کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز گفتگو تو ابھی اس نے جاری ہی نہیں کی، خبر ہے کہ حکومت لیک ہونے والا ڈیٹا خریدنے کے لیے ہیکر کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو ہٹاکر اسحاق ڈار کو لایا جا رہا ہے، مفتاح اسماعیل کے بارے میں جو آڈیو لیک ہوئی، اس پر مفتاح کو پارٹی چھوڑ دینی چاہیے، مفتاح اسماعیل سے کام نکلوا کر اسے بس کے نیچے دھکا دے دیا گیا ہے۔