اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک کے رہنماؤں سینیٹر سیف اللہ نیازی اور حامد زمان کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔پریس کانفرنس کے دور ان وفاقی وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ نیازی کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی ۔رانا ثناء اللہ نے ایک صحافی کی جانب سے پوچھے جانے پر کہ کیا ایف آئی اے نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو حراست میں لیا ہے، جواب دیا کہ ایف آئی اے نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو متعدد بار بلایا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اب ایف آئی اے انہیں اپنے ساتھ لیکر آئی ہے، اب ان سے کچھ سوالات اور تفتیش ہونی ہے، اگر انہوں نے ایف آئی اے سے تحقیقات میں تعاون نہ کیا تو پھر ضابطے کی کارروائی کے بعد قانون کے مطابق انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے سیف اللہ نیازی کو اغوا کرلیا گیا۔پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ مجھے ابھی خبر موصول ہوئی ہے کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے اٹھایا گیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر یہ خبر درست ہے تو یہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔اسی دوران پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے دعویٰ کیا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے سینیٹ کے احاطے سے اٹھایا۔انہوں نے سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی منظوری اور ان کے علم میں لائے بغیر سینیٹر کی گرفتاری پر انہیں شرم آنی چاہیے۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما افتخار درانی نے دعویٰ کیا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے اغوا کرلیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں افتخار درانی نے کہا کہ پہلے بھی سیف اللہ نیازی کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا اور ذاتی سامان تحویل میں لیا گیا تھا۔پی ٹی آئی رہنما نے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، آج تک پاکستان میں ایسا نہیں ہوا۔پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے دعوے کو دہرایا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو اٹھا لیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سینیٹ کے احاطے سے سینیٹر کو اٹھا لیا گیا، بدترین فسطائیت کا دور!افتخار درانی کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ سینٹ کے احاطے سے سینیٹر کو اٹھا لیا گیا؟ ملک میں اتنی بڑی فسطائیت کبھی نازل نہیں ہوئی۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اس سے زیادہ پارلیمنٹ کی توہین ہو نہیں سکتی، چیئرمین سینیٹ کم از کم غیرت کا مظاہرہ کریں اور اس عمل کا نوٹس لیں۔قبل ازیں میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کہا تھا کہ ان رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ایف آئی اے نے کہا تھا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو تاحال ایف آئی اے کے کسی وِنگ نے گرفتار نہیں کیا، ان کی سینٹ کے احاطے سے گرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا میں گرفتاری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔واضح رہے کہ 13 ستمبر کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کا لیپ ٹاپ، فون اور دیگر گیجٹس ضبط کر لیے تھے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے سمجھتی ہے کہ ویب سائٹ نامنظور ڈاٹ کام ان کی رہائش گاہ سے آپریٹ کی جارہی تھی۔اس چھاپے کے دو روز بعد سینیٹ اجلاس میں سیف اللہ نیازی نے معاملے پر اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی تھی۔انہوں نے کہا تھا ایف آئی اے کے ایک درجن افسران اور مسلح پولیس اہلکاروں نے ان پر حملہ کیا، ان کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ ضبط کرلیا۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اہلکاروں نے ان کے گھر میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور میرے بیڈ روم میں بھی گھس گئے، انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ چیئرمین سینیٹ اس معاملے کا نوٹس لے کر قوانین کی سخت خلاف ورزی پر کارروائی کریں۔دوسری جانب ایف آئی اے لاہور نے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے پی ٹی آئی کے رہنما حامد زمان کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے لاہور کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آے ذرائع کے مطابق انصاف ٹرسٹ کے ٹرسٹی حامد زمان کو وارث روڈ سے گرفتار کرگیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما پر الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی اے نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے رقوم کی غیر قانونی منتقلی ہوئی، حامد خان پر الزام ہے کہ انہوں نے انصاف ٹرسٹ کے نام سے جعلی اکاؤنٹ کھول رکھا تھا جس میں 6 لاکھ 25 ہزار ڈالرز منتقل ہوئے۔ان ہی الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں ایف آئی اے نے حامد زمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد ایف آئی اے نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، سابق گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سمیت پارٹی کے متعدد سینئر رہنماؤں کو انکوائری میں شامل ہونے کے لیے طلب کیا تھا۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے زیر التوا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ثابت ہوگیا کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 20 جون کو محفوظ کیا گیا فیصلہ 2 اگست کو سنایا گیا تھا جس کے اہم نکات کے مطابق پی ٹی آئی کو ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ ملی، پارٹی نے عارف نقوی اور 34 غیر ملکی شہریوں سے فنڈز لیے۔الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے 8 اکاؤنٹس کی ملکیت ظاہر کی اور 13 اکاؤنٹس کو پوشیدہ رکھا، عمران خان نے الیکشن کمیشن کے سامنے غلط بیانی کی۔فیصلے میں پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ یہ بتایا جائے کہ پارٹی کو ملنے والے فنڈز کیوں نہ ضبط کیے جائیں۔
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...