بند کمروں میں فیصلوں کا زمانہ گزر چکا، پاکستان کے لوگ اپنے سامنے فیصلے ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں،فواد چوہدری

0
269

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاہے کہ بند کمروں میں فیصلوں کا زمانہ گزر چکا،پاکستان کے لوگ اپنے سامنے فیصلے ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز جو فیصلہ ہوا وہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ تھا، بند کمروں میں فیصلوں کا زمانہ گزر چکا، پاکستان کے لوگ اپنے سامنے فیصلے ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نواز شریف کے برابر لا کھڑا کرنے کی بھونڈی کوشش کی گئی، اس فیصلے کے خلاف پاکستان کے عوام کی ایک جھلک آپ سب نے دیکھی، عمران خان یا پارٹی کی اپیل نہیں تھی تاہم لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔انہوں نے کہا کہ اس سطح کے قومی لیڈر کو سیاسی دھارے سے باہر کرنے کا مقصد صرف پاکستان کو کمزور کرنا ہوسکتا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ان کے رفقائے کار کو میں بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کا فیصلہ پاکستان کے عوام نے مسترد کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ 2 انتخابات میں شکست کے بعد ملک کو عام انتخابات کی جانب لے کر جانا چاہیے تھا تاہم سازشیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں، پاکستان کے عوام ان سازشیوں کا گلا پکڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصلے کو 24 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے تاہم ابھی تک اس فیصلے کو ریلیز نہیں کیا گیا، کل سے ہم نے اس فیصلے کی کاپی کے لیے درخواست دی ہوئی ہے لیکن ابھی تک الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں دیا، اگر ان کے پاس فیصلہ موجود ہی نہیں تو گزشتہ روز انہوں نے سنایا کیا؟انہوں نے کہا کہ اگر بینچ کے ارکان کے دستخط نہ ہوں تو ججمنٹ بھی نہیں ہوسکتی، فارن فنڈگ کیس میں بھی یہی کیا گیا، ویب سائٹ پر فیصلہ کچھ اور تھا اور بعد میں اس میں اضافہ کردیا گیا، اس فیصلے میں بھی تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور گزشتہ روز جو مرضی کی چیزیں اس میں شامل نہیں کی گئی تھیں وہ شامل کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ بددیانتی کسی ادارے کی جانب سے کیسے ہوسکتی ہے، ہم الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کرنا چاہتے لیکن ایسے الیکشن کمیشن کا کیا جائے جس کے 5 میں سے 3 ارکان کے خلاف ریفرنس پینڈنگ ہو اور اعلیٰ عدالتیں اس کو نہ سنیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں جرائم کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے کہ تاہم الیکشن کمینش نے اتنی زیادہ تعداد میں پولیس بلا کر اپنے دفتر کی سیکیورٹی کیلئے تعینات کیا ہوا ہے