اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر صحافی اور اینکرپرسن ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا مسترد کردی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں ارشد شریف قتل کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ صرف اسی کیس کی سماعت کیلئے آیا ہوں، اس موقع پر درخواست گزار بیرسٹر شعیب رزاق عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ان کی فیملی کے پاس کوئی گیا ہے؟ انہیں کوئی معاونت چاہیے؟ بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ ارشد شریف کی میت آج پہنچ جائے گی، ہماری استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، حکومت نے متحدہ عرب امارات حکومت سے ارشد شریف کی واپسی کا کہا تھا۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہوا ہے، کینیا کی حکومت کی جانب سے رپورٹ آ جائے، اگر انہیں اس پر کوئی اعتراض ہوا تو اس کیس کو مزید سن لیا جائے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے معاملے پر صحافتی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جائے، اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ ایک روز قبل معروف صحافی اور اینکر ارشد شریف کو کینیا میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے ایک ٹوئٹ میں ارشد شریف کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں نے اپنا دوست، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا، پولیس نے بتایا ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا