لندن،نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے حامی گرفتارو رہا

0
146

لندن (این این آئی)لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی رہائش گاہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر پاکستان تحریک انصاف اور لیگی کارکنان آمنے سامنے آگئے،احتجاج کے دوران اسکاٹ لینڈ پولیس نے پی ٹی آئی سپورٹر شایان علی کو گرفتار کرکے بعد میں رہا کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈنراوین اسٹریٹ میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے حامی آمنے سامنے آگئے جس کے بعد پی ٹی آئی کے سپورٹر شایان علی مظاہرین کو پْرسکون رہنے کی تلقین کرتے رہے۔پی ٹی آئی کے حامیوں نے عمران خان کے لانگ مارچ سے اظہار یکجہتی کے لیے ایون فیلڈ کے باہر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، بعد ازاں لیگی کارکن بھی اپنے قائد سے یکجہتی کے لیے ایون فیلڈ کے باہر جمع ہوئے اور جوابی نعرے لگانا شروع کردئیے۔دونوں جماعتوں کے کارکنان معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کا الزام ایک دوسرے پر لگاتے رہے،واضح رہے کہ معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا پولیس کے ہاتھوں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔بعد ازاں جب احتجاج میں شدت آئی تو مقامی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹر شایان علی کو حراست میں لے لیا اور ہتھکڑی لگادی، شایان علی کی والدہ نے بیٹے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا جس کے بعد پولیس نے شایان علی کو رہا کردیا۔