(ن) لیگی میڈیا سیل عمران خان اور پرویز الٰہی کے درمیان اختلافات کا جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا ہے’ترجمان پنجاب حکومت

0
292

لاہور (ا ین این آئی) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کا میڈیا سیل عمران خان اور پرویز الٰہی کے درمیان اختلافات کا جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا ہے، جو مذہبی انتہا پسندی کا ڈرامہ امپورٹڈ حکومت کر رہی ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس شخص خلاف انتہا پسندی کیسے ہو سکتی ہے جس نے امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے نا موس رسالت کی جنگ لڑی، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف ایک دن مختص کروایا،عمران خان نے ختم نبوت کے حوالے سے ایسے اقدامات کئے جو پہلے کبھی نہ ہوئے ۔یہی وہ شخص ہے جس نے درسی کتب میں نبی پاکۖ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین لازم قرار دیا۔ عمران خان نے پنجاب میں نکاح کے فارم پر لڑکا اور لڑکی کی طرف سے ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کروایا،عمران خان نے پاکستان میں رحمت العالمین اتھارٹی قائم کی،وہ جو سر عام ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے اس کے خلاف انتہا پسندی کا کوئی سوچ بھی کیسے سکتا ہے، یہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے اصل قاتلوں کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔ فیاض چوہان نے کہا کہ فوری طور پر عمران خان کے مطالبے کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے، اس معاملے پر صاف، شفاف اور فوری جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے ۔ پاکستان کی عوام اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک مجرموں کو منطقی انجام تک نہیں پہنچایا جائے گا۔