مظفرآباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے صدر نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن انتخابات پاک فوج اور رینجرزکی نگرانی میں کرائے گا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ پولنگ اسٹیشنز پر لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، پولنگ کے دن سکیورٹی کی ذمہ داریاں کسی دوسرے ادارے پر نہیں ڈالی جاسکتیں۔خط کے متن میں کہا گیا کہ آئین تمام اداروں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے کاپابند کرتا ہے، انتخابات کے لیے مطلوبہ سکیورٹی فراہم کرکے رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کی جائے۔