اسلام آباد(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اہم تعیناتی پر ایک دو دن میں ہیجانی کیفیت ختم ہوجائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اہم تعیناتی پر قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں اور اس حوالے سے اتحادیوں سمیت کابینہ کو مکمل اعتماد میں لیا جائیگا۔صحافی نے سوال کیا کہ آرٹیکل 243 میں تو اعتماد کا نہیں لکھا؟ اس پر وزیر دفاع نے کہا کہ مجھے اتنے آرٹیکل کا نہیں معلوم، میں قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ ایسی تقرری کو عوامی مباحثے کا حصہ نہیں بننا چاہیے، پچھلے چند ماہ سے ہیجانی کیفیت ہے وہ ایک دو دن میں ختم ہوجائے گی۔صحافی نے سوال کیا کہ سینئر موسٹ ہوں گے یا کسی اور کی تقرری کی جارہی ہے؟ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ مجھے تو نہیں معلوم کسی اورسے پوچھ لیں۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اس طرح کی چیزوں پر صدر یا وزیراعظم کو ملک و قوم کے بہتر مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں،اس میں سیاست سے قطع نظر قانون، آئین اور طن عزیز کے مفادات کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں۔