اسلام آباد (این این آئی)پاک فوج نے بھارت کے اعلیٰ فوجی افسر کی جانب سے آزاد جموں کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیدیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اعلیٰ بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد ہے، آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کا دعویٰ من گھڑت ہے، یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہر ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے، بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گڑھتی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے، بھارتی فوج غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، بھارتی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں۔