حقیقی آزادی کی تحریک میں اعظم سواتی حق کیلئے کھڑے رہے، قاسم سوری

0
295

اسلام آباد (این این آئی)سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک میں اعظم سواتی حق کیلئے کھڑے رہے۔سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے سی آئی اے تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عدالت کا فیصلہ ہم سب نے دیکھا،36 دن کے بعد اعظم سواتی کو رہائی کا فیصلہ ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ کسی دہشت گرد کو بھی اس طرح نہیں گرفتار کیا جاتا،جب عدالت نے ان کو ضمانت پر رہا کیا پھر ان کو اٹھایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ خصوصی طیارے کے ذریعے ان کو کوئٹہ لیکر جایا گیا،48 سے زائد ایف آئی آرز ان کے خلاف ملک بھر میں کاٹ لی گئیں ،عمران خان پر حملے کی ایک سے زائد ایف آئی آر نہیں کاٹی گئیں۔ انہوںنے کہاکہ اعظم سواتی حوصلے اور بہادری کا نشان بنے۔ انہوںنے کہاکہ پہلے رہا ہونے کے وقت پر سندھ کی پولیس ان کو بلوچستان سے لیکر چلی گئی ،36 دن 75 سالہ پارلیمنٹرین کو اذیت دی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ حقیقی آزادی کی تحریک میں اعظم سواتی حق کیلئے کھڑے رہے۔قاسم سوری نے کہاکہ حق اور سچ بولنے پر سزا دی جا رہی ہے،اعظم سواتی اپنے موقف پر ڈٹے وہ 20 سالہ نوجوان سے بھی زیادہ بہادر نکلے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرکے یہ لوگ سمجھتے تھے کہ عوام چپ رہیں گے، ہم نے پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے۔