پی ٹی آئی کی خاتون رکن کا 5کروڑ میں بکنے کے الزام پر فواد چوہدری کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

0
319

لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے 5کروڑ روپے میں بکنے کے الزامات پر فواد چوہدری کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھی پارٹی میں ہوں، کسی سازش یا پلان کا حصہ نہیں، پرویز الٰہی پی ٹی آئی کے ووٹوں سے اسپیکر و وزیراعلیٰ بنے، جو لوگ مایوس ہیں ممکن ہے وہ اعتماد کا ووٹ نہ دیں۔پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی مومنہ وحید نے نجی ٹی وی سء سے گفتگو میں فواد چوہدری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی فواد چوہدری کی طرح پارٹیاں نہیں بدلتا اور نہ ہی ان کی طرح بکنے کیلئے ہوتا ہے، مجھے تو اپنی پارٹی اور چیئرمین سے کوئی شکایت نہیں تھی، صرف ایک معاملے پر کہا کہ پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دوں گی۔مومنہ وحید نے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد ایک خوشامدی ٹولہ ہے، عمران خان کو لوگ سب اچھا ہے کی رپورٹ دیتے رہے، فواد چوہدری بھی انہیں میں سے ایک ہیں، پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے ان کی یہی نوکری رہی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ تاحال عمران خان پر حملے کا مقدمہ کیوں نہیں ہوا، میں نے پارٹی نہیں بدلی اب بھی پی ٹی آئی کا حصہ ہوں، رجیم چینج آپریشن ایک رات میں نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ کچھ روز پہلے بھی کہا تھا کہ پرویز الٰہی اسپیکر پی ٹی آئی کے ووٹوں سے بنے، پرویز الٰہی کو ایک جنگ کے بعد وزیراعلی بنایا گیا، میں سب سے آگے تھی، میں کسی سازش یا پلان کا حصہ نہیں ہوں۔پرویز الٰہی ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، جو لوگ مایوس ہیں ممکن ہے وہ اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما وزیر فواد چوہدری نے اپنی پارٹی کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ مومنہ وحید بک گئیں، رپورٹس ہیں کہ خاتون رکن نے ڈیل کے بعد 5 کروڑ روپیہ لیا اور لوٹی ہونی کو ترجیح دی۔