اسلام آباد (این این آئی)اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 74فیصد تک اضافے کا معاملہ ،آئی ایم ایف دباؤ کے باوجود وفاقی حکومت نے لائف لائن گیس صارفین کیلئے نئی حکمت عملی بنا لی ۔ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے گیس ٹیرف میں اضافے کیلئے 2 نئے پلان تیار کر لئے،گھریلو صارفین پر بوجھ کم کرنے کیلئے نئے سلیب بنائے جائیں گے۔ پٹرولیم ڈویژن حکام کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے 20 سے 50 ?ونٹ تک 3 نئے سلیب بنانے کا پلان ہے،پلان ون کے تحت قیمتوں میں اضافہ 50 یونٹ سے زائد کے استعمال والے صارفین پر ہوگا۔ذرائع نے بتایاکہ پلان ٹو کے تحت موجودہ 6 سلیب میں سے 3 کو پروٹیکٹڈ رکھنے کی حکمت عملی ہے،پلان ٹوکے تحت 200 یونٹ سے اوپر کے صارفین کیلئے گیس مہنگی ہوسکتی ہے۔پیٹرولیم ڈویژ ن ذرائع نے بتایاکہ کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق کرنے کی تجویز ہے،اوگرا کی تجاویز کے بعد وزیر اعظم کی مشاورت سے حتمی فیصلہ ہوگا۔اوگرا نے گزشتہ روز گیس کی قیمتوں میں 74 فیصد تک اضافے کی منظوری دی تھی ،وفاقی حکومت اوگرا کی منظوری اپنی حکمت عملی اور مکمل مشاورت سے فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان کرے گی۔