پاکستان اور افغانستان دونوں کو دہشتگردی کا سامنا ہے،کسی دہشتگرد گروپ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، بلاول بھٹو

0
285

کراچی(این این آئی)وفاقی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق سابق حکومت کی پالیسی کو غلط قرار دے دیا۔غیرملکی ٹی وی کوانٹرویو میں بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی پاکستانی عوام کو مشکلات کا عذاب جھیلنا پڑا، اتحادی حکومت آنے کے بعد وہ تصور زائل ہوگیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ قومی سلامتی کے حالیہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی دہشت گرد گروپ کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے خلاف کام کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس حوالے سے مکمل اتفاق ہے کہ جو بھی دہشت گردی میں ملوث ہے اس سے بات نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور دونوں ممالک کے عوام دہشت گردی کا شکار ہیں جس سے بروقت نمٹنے کی ضرورت ہے۔بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ پرامن افغانستان کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہم نے افغان عبوری حکومت پر بھی زور دیا ہیکہ وہ عالمی برادری سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔انہوں نے حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والی آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور اظہار یکجہتی کرنے پر عالمی رہنماں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے انٹرویوکے دوران جنیوا ڈونرز کانفرنس میں پاکستان میں آنے والے سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کا اعلان کرنے والے دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔